عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے لئے جیل سے درخواست فارم جمع کروا دیا

  • سابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ سال اگست سے سیاسی و انتقامی بنیادوں پر مبنی کیسز میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
  • عمران خان نے 1975 میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفے، معاشیات اور سیاسیات میں ڈگری حاصل کی اور وہ بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے بھی چانسلر رہ چکے ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لندن میں مقیم قریبی ساتھی سید ذوالفقار بخاری نے تصدیق کی ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے پر الیکشن میں حصہ لینے کے لئے عمران خان نے جیل سے درخواست فارم جمع کرا دیا ہے۔

2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں، عمران خان کو جیل میں رکھنے کے لئے کئی قانونی معاملات اور سیاسی کیسز میں پھنسایا گیا ہے، پاکستان میں حزب اختلاف کی شخصیات اکثر ایسے خطرات کا سامنا کرتی ہیں۔

اگرچہ 8 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل سابق وزیر اعظم کو سنائی گئی تمام سزائیں یا تو معطل کردی گئی ہیں یا منسوخ کردی گئی ہیں لیکن عمران خان پر نئے الزامات اور نئے کیسز دائر کر دیئے گئے جن کی وجہ سے وہ اب بھی جیل میں ہیں۔

زلفی بخاری نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے جا رہے ہیں، زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر الیکشن 2024 کے لیے درخواست فارم جمع کرا دیا گیا ہے اور ہم ایک تاریخی مہم کے لئے سب کی حمایت کے منتظر ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب کانووکیشن کے ممبران کے ذریعہ کیا جاتا ہے ، جس میں یونیورسٹی کے تمام سابق طلباء شامل ہوتے ہیں جنہیں ڈگری میں داخلہ دیا گیا ہے، اس عہدے کے لئے انتخاب لڑنے کے اہل ہونے کے لئے، ایک امیدوار کو کانووکیشن کے کم از کم دو ممبروں کی طرف سے نامزد کیا جانا ضروری ہوتا ہے۔

آکسفورڈ کا انتخابی عمل عام طور پر ان ممتاز شخصیات کے لئے کھلا ہوتا ہے جنہوں نے عوامی زندگی، تعلیمی یا دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہوا ہو، چانسلر کا کردار بڑی حد تک رسمی ہے لیکن یہ یونیورسٹی کے اندر ایک باوقار عہدہ گردانا جاتا ہے۔

کانووکیشن میں 28 اکتوبر سے شروع ہونے والے مائیکلماس کی مدت کار کے تیسرے ہفتے میں نئے چانسلر کا انتخاب آن لائن کرنے کے لیے کہا جائے گا، خان نے آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے 1975 میں فلسفہ ، سیاست اور معاشیات میں اپنی ڈگری مکمل کی۔

دنیا کی معروف یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کے فیصلے سے توقع کی جا رہی ہے بین الاقوامی برادری کی توجہ پاکستان میں ان کی سیاسی بنیادوں پر قید کی طرف مبذول ہو گی۔

imran khan adyala jailimran khan chancellor electionsimran khan oxford electionimran khan ptiin pakistan newslatest urdu news