اسلام آباد ۔ پاکستان کی وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطابہ کیا ہے کہ وہ پاکستان بھر میں "غیر قانونی وی پی این” کو بلاک کرے کیونکہ اس کا استعمال نہ صرف فحش اور توہین آمیز مواد تک رسائی میں حاصل ہے بلکہ دہشت گرد "پرتشدد سرگرمیوں” میں بھی استعمال کرتے ہیں۔
ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس ، جسے وی پی این کے نام سے جانا جاتا ہے ، دنیا بھر میں ایسے مواد تک رسائی حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جو ان کے ملک میں انٹرنیٹ صارفین کے لئے بین ہوسکتا ہے، پاکستانی دیگر ممنوعہ ویب سائٹس کے علاوہ ایکس تک رسائی کے لیے وی پی این کا استعمال کرتے ہیں۔
کچھ دن قبل پی ٹی اے نے فحش مواد تک رسائی کو روکنے کے لئے وی پی این کے استعمال کو محدود کرنے کا عندیہ دیا تھا، جس کے بعد اتوار کو ملک بھر میں وی پی این سروسزغیر فعال ہو گئی تھیں۔
پی ٹی اے نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے اب تک توہین آمیز مواد پر مشتمل 100,183 یو آر ایل اور 844,008 فحش ویب سائٹس کو بلاک کیا ہے، اس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک کے اندر سے روزانہ فحش ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کی تقریبا 20 ملین کوششیں کی گئیں، جنہیں بین الاقوامی گیٹ وے کی سطح پر بلاک کردیا گیا۔
پی ٹی اے کا یہ بیان وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے لکھے گئے خط کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں اس سے گستاخانہ اور فحش مواد کو بلاک کرنے کا کہا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد پاکستان میں پرتشدد سرگرمیوں اور مالی لین دین میں سہولت کے لیے وی پی این کا مسلسل استعمال کر رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں ایک خطرناک حقیقت کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں دہشت گرد وی پی این کا استعمال اپنی بات چیت کو چھپانے کے لیے کرتے ہیں جبکہ وی پی این کو فحش اور توہین آمیز مواد تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان کو وی پی این استعمال کرتے ہوئے فحش ویب سائٹس دیکھنے کے معاملے میں سرفہرست ممالک میں سے ایک سمجھا جاتا ہے’، ان رجحانات اور سنگین خطرات سے نمٹنے کے لیے غیر مجاز وی پی این سروسز پر پابندی عائد کرنے کی ضرورت ہے۔
لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ پاکستان بھر میں غیر قانونی وی پی این ز کو بلاک کیا جائے تاکہ قانونی اور رجسٹرڈ وی پی این صارفین متاثر نہ ہوں۔
مزید برآں پی ٹی اے کے ساتھ وی پی این کی رجسٹریشن 30 نومبر تک کی جا سکتی ہے۔
گزشتہ ہفتے ملک بھر سے صارفین نے بتایا تھا کہ انہیں وی پی این تک محدود رسائی کا سامنا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کی ناقص کنیکٹیوٹی کا بھی سامنا ہے۔
ڈیجیٹل حقوق کے کارکنوں نے اس خلل کو حکومت کی جانب سے "شہریوں پر سخت سنسرشپ اور نگرانی” کی کوشش قرار دیا، تاہم پی ٹی اے نے صارفین کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ وہ وی پی این کا گلا گھونٹ رہے ہیں اور کہا کہ یہ رکاوٹیں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیدا ہوئیں، اس نے صارفین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے وی پی این کو رجسٹر کریں۔
وی پی این صارفین کے لئے رجسٹریشن پورٹل
منگل کے دن پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن فریم ورک پر ایک مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا تاکہ "پاکستان میں آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبوں کے لئے محفوظ ماحول کو فروغ دیا جاسکے”۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا ہے جس سے جائز صارفین ipregistration.pta.gov.pk میں ایک نئے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنے وی پی این رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے دعویٰ کیا کہ یہ آسان فریم ورک "آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لئے بلا تعطل رسائی کی حمایت کرتا ہے، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت کے لئے پی ٹی اے کے عزم کو تقویت دیتا ہے”۔
لاک ڈاؤن
اگست میں پی ٹی اے نے ممنوعہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک رسائی روکنے کے لیے وی پی این کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ستمبر میں کہا تھا کہ ایکس پر پابندی قومی سلامتی کے مسائل کی وجہ سے لگائی گئی ہے نہ کہ اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کے لیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "علیحدگی پسند اور دہشت گرد” پاکستان کے خلاف یہ پلیٹ فارم کا استعمال کر رہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
جبکہ اسی ماہ پی ٹی اے نے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ملک میں وی پی این بلاک نہیں کیے جا رہے ہیں۔